بھوپال،31؍اگست (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کے ذریعہ ریاست کی سڑکوں کا موازنہ امریکہ کی سڑکوں سے کرنے کے بعد کانگریس اب اس معاملہ کو انتخابی مدعہ بنانے میں مصروف ہو گئی ہے۔ کانگریس رہنماؤں کے ذریعہ مسلسل ریاست کی سڑکوں کو لے کر وزیرا علیٰ چوہان کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
کانگریس کے ریاستی صدر کمل ناتھ نے بھی جمعہ کے روز ٹویٹ کر سی ایم پر طنز کیا ہے۔ مدھیہ پردیش کانگریس کمل ناتھ نے جمعہ کی صبح سوشل میڈیا اکاؤنٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کر مدھیہ پردیش میں خستہ حال سڑکوں کی حالت پر سی ایم پر حملہ بولا۔ اپنے ٹویٹ میں کمل ناتھ نے لکھا کہ سڑکوں پر گڈھوں کی وجہ سے ہونے والی اموات کے معاملہ میں مدھیہ پردیش ملک کی سرفہرست 3ریاستوں میں سے ایک ہے۔اس سے قبل بھی 2015میں سڑک ٹرانسپورٹ کی وزارت کی راجیہ سبھا میں پیش رپورٹ میں بھی اس بات کی تصدیق ہو چکی ہے۔ لیکن ہمارے شیوراج جی پتہ نہیں کب، ریاست کی خستہ حال سڑکوں کو امریکہ سے اچھی بتانے کی ضد چھوڑیں گے۔قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل جیوترادتیہ سندھیا بھی ایم پی کی سڑکوں کے سلسلہ میں شیوراج سنگھ چوہان پر حملہ بول چکے ہیں۔ سندھیا نے کہا تھا کہ اس میں سی ایم کا قصور نہیں ہے کیونکہ ایک تو ان کے پیر زمین پر نہیں ہیں اور وہ تو اڑن کھٹولے سے نیچے اترتے ہی نہیں ہیں، دوسرا امریکہ کا دورہ کچھ زیادہ ہی کر لیا ہے۔ امریکہ کی سڑکیں تو دیکھ رہے ہیں لیکن مدھیہ پردیش کی سڑکوں کا حال دیکھنے کی فرصت وزیر اعلیٰ کو نہیں ہے۔